17 جون ، 2014
اسلام آباد......سابق صدر پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں ایک اور درخواست دائر کر دی گئی ہے۔سپریم کورٹ میں درخواست لاہور ہائی کورٹ بار پنڈی بنچ کے سابق صدر توفیق آصف ایڈووکیٹ کی جانب سے حامد ایڈووکیٹ نے دائر کی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ آرٹیکل 6 کے ملزم کو ملک سے باہر جانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، اگر آرٹیکل 6 کا ملزم ملک سے باہر گیا تو سنگین غداری کا مقدمہ متاثر ہو گا۔ توفیق آصف ایڈووکیٹ نے 2013 میں پرویز مشرف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے سے متعلق پٹیشن صدر لاہور ہائی کورٹ بار پنڈی بنچ کی حیثیت سے دی تھی، جس کے بعد 8 اپریل 2013 کو سپریم کورٹ نے سابق صدر کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی توثیق کی تھی۔ درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ سندھ ہائی کورٹ سپریم کورٹ کے جاری کئے گئے فیصلے کا جائزہ لینے کی مجاز نہیں۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ جنرل مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے سے متعلق سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔