17 جون ، 2014
کراچی .....کراچی کی وفاقی اینٹی کرپشن کورٹ نے ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کرپشن کیس میں سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کی ذاتی مچلکے پر بارہ لاکھ روپے کی ضمانت منظور کرلی،جبکہ غیر حاضری پر مخدوم امین فہیم سمیت دیگر ملزمان کے دوبارہ ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے۔ٹریڈ دیولپمنٹ اتھارٹی میں کرپشن کیس کی سماعت اینٹی کرپشن کورٹ سینٹرل ون کے جج محمد عظیم نے کی ۔ اس موقع پر سابق وزیر اعظم یوسف رضاگیلانی بھی عالت میں پیش ہوئے ۔ عدالت نے فریقین کا موقف سننے کے بعد یوسف رضا گیلانی کی بارہ لاکھ روپے ذاتی مچلکوں پر بارہ مقدمات میں د س جولائی تک ضمانت منظور کرلی ۔ عدالت نے مخدوم امین فہیم سمیت دیگر ملزمان کے دوبارہ ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ۔ ایف ائی اے کی جانب سے یوسف رضاگیلانی کی ضمانت منظور کرنے کی مخالفت کی ۔ ایف ائی اے کی جانب سے ایک رپورٹ بھی عدالت میں جمع کرائی گئی ،جس میں کہا گیا ہے کہ مخدوم امین فہیم 15 مارچ 2014 سے ملک سے باہر ہیں ۔سابق وزیراعظم کے وکیل فاروق ایچ نائیک اور فواد چودھری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کی بارہ لاکھ روپے کے ذاتی مچلکوں پر ضمانت منظور کی گئی، ایف ائی اے نے سابق وزیر اعظم پر ٹریڈ ڈیولپممنٹ اتھارٹی میں بھرتیوں میں کرپشن کے الزمات لگائے جو ثابت نہیں ہوئے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ہم عدالتوں کا احترام کرتے ہیں وزیراعظم ہوتے ہوئے بھی عدالتوں کا سامنا کیا تھا۔