22 جون ، 2014
بنوں..... پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ اگر وفاقی حکومت کسی بڑے سانحہ سے بچنا چاہتی ہےتو فوری طور پر خیبر پختون خوا کی حکومت کو چھ ارب روپے جاری کرے تاکہ متاثرین شمالی وزیرستان کی دیکھ بھال کی جا سکے۔ عمران خان نے ان خیالات کا اظہار بنوں میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر آپریشن سے قبل خیبر ُ پختون خوا کی حکومت کو اعتماد میں لیا جاتا تو ہمیں بھی تیاری کا موقع مل جاتا۔ انہوں نے کہا کہ ایک متاثرہ خاندان کے لئے سات ہزار روپے کی امداد ناکافی ہے۔ اس لیئے فی خاندان کو21 ہزار روپے امداد ملنی چاہیئے۔ عمران خان نے کہا کہ سندھ اور پنجاب حکومت کی جانب سے متاثرین کو روکنا انسانیت کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ بکا خیل کی بجائے بندوبستی علاقہ میں کیمپ قائم ہونا چاہیئے تھا۔ نقل مکانی کرنے والے غصہ میں ہیں کیوں کہ ان کے حالات بہت مخدوش ہیں۔ بنوں میں اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا ہے۔ بنوں میں متاثرہ خنادوناوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا بکا خیل میں قائم کردہ کیمپ خالی پڑا ہے۔