Geo News
Geo News

پاکستان
26 جون ، 2014

پشاور :طیارے پر فائرنگ کی تحقیقات ،پولیس کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکی

پشاور :طیارے پر فائرنگ کی تحقیقات ،پولیس کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکی

پشاور........پشاور میں پی آئی اے طیارے فائرنگ کیس کی تحقیقات جاری ہیں۔ نواحی علاقوں سے مزید 69مشتبہ افراد کو حراست میں لیاگیا ہےمتاثرہ جہاز کراچی بھیج دیاگیا۔ پشاور میں پی آئی اے کے مسافر طیارہ پر فائرنگ کی تحقیقات جاری ہیں۔ تاہم کوئی اہم پیش رفت نہیں ہوسکی۔ ماشوخیل اورسلیمان خیل سے گرفتار بیشتر مشتبہ افراد رہا جبکہ سربند اور اچینی بالا سے مزید 69افراد حراست میں لئے گئے ہیں، جن سے 6 ایس ایم جیز، 11 پستول، 3 رائفلز اور ایک کلاشنکوف برآمد ہوئی۔ ائیرپورٹ ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی خصوصی ٹیم نے بھی باچاخان انٹرنیشنل ائیرپورٹ کا دورہ کیا۔ بدھ کے روزبھی پی آئی اے کی بارہ رکنی ٹیم نے جہاز کا معائنہ کیا تھا جسے ضروری مرمت کے بعد کراچی روانہ کر دیاگیا ہے۔ قومی ایئرلائن کی پروازنمبرپی کے 756 پرمنگل کی شب نواحی علاقہ ماشوخیل سے فائرنگ کی گئی تھی جس سےایک مسافر خاتون جاں بحق اور عملے کے دو ارکان زخمی ہوئے تھے ۔ دوسری جانب پولیس کو ائیرپورٹ کے اطراف اور خیبر ایجنسی سے متصل علاقوں کی آبادی کا ڈیٹا جمع کرنے کا ٹاسک سونپا گیا ہے جبکہ 14 سال سے زیادہ عمر کے مردوں کی تصاویر، شناختی کارڈ ، موبائل نمبر اور فنگر پرنٹس بھی لینےکا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اسی طرح ایئرپورٹ کے مضافاتی علاقوں میں پیشگی اجازت کے بغیر تعمیرات پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔

مزید خبریں :