12 اپریل ، 2012
کراچی … امیر جماعت اسلامی سید منور حسن کا کہنا ہے کہ حکومت کوبہت وقت دیدیا، اب سپریم کورٹ اپنے فیصلوں کو نتیجہ خیزبنائے۔ ادارہ نورحق کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب میں سید منور حسن نے کہا کہ سیاچن گلیشیئر کے سانحہ پر انہیں افسوس ہے، لیکن امدادی کاموں کی آڑمیں امریکا کو رسائی نہ دی جائے۔ ان کاکہنا تھا کہ کراچی، گلگت، پارا چنار اور کوئٹہ میں فقہ جعفریہ کے افرادکی ٹارگٹ کلنگ پر گہری تشویش ہے،علامہ عباس کمیلی کی دعوت پر ٹارگٹ کلنگ کیخلاف اے پی سی میں جماعت اسلامی بھرپور شرکت کرے گی۔انہوں نے بتایا کہ جماعت الدعوة کے امیر حافظ محمد سعید سے تبادلہ خیال ہوا ہے، پاکستان کے سیاسی معاملات اور مذہبی رواداری کیلئے شیعہ علماء کو ساتھ لیکرچلیں گے۔ سید منور حسن نے کہا کہ عام انتخابات کی تاریخ کے اعلان کے بعد جماعت اسلامی بہت سارے پولیٹیکل سرپرائز دے گی۔