01 جولائی ، 2014
کراچی…محمد رفیق مانگٹ......امریکی اخبار The Epoch Timesکے مطابق عراق، افغانستان، اور پاکستان میں جاری جنگوں پرامریکی اخراجات 4.4 ٹریلین ڈالر سے تجاوز کر گئے۔ جب کہ6لاکھ افراد ان جنگوں کی وجہ ہلاک ہوئے جن میں تین لاکھ 50ہزار افرا د براہ راست جنگی کارروائیوں کا شکار ہوئے جب کہ ڈھائی لاکھ ایسے افراد بھی موت کے منہ میں چلے گئے جنہیں ان جنگوں سے پیدا شدہ مسائل کی وجہ غذائی اور صحت کی سہولتوں تک رسائی نہ مل سکیں۔ پاکستان میں 2004سے 52 ہزار پاکستانی شہری اس جنگ میں جاں بحق ہوئے جب کہ50ہزار سے زائد زخمی ہوئے۔عراق پر جنگی اخراجات 2.1ٹریلین ڈالر جب کہ افغانستان اور پاکستان میں جنگی اخراجات 2.15ٹریلین ڈالر ہوئے۔ امریکا کوان جنگوں کے لئے حاصل قرض پر آئندہ 40برس میں 8ٹریلین ڈالر سود ادا کرنا پڑے گا۔امریکی تھنک ٹینک Costs of War project کے اعداد و شمار کے مطابق ہلاکتوں میں امریکی فوجی ،کنٹریکٹرز،امریکی اتحادی فوجی،سیکورٹی فورسز،عسکریت پسند،دہشت گرد اور شہری شامل ہیں۔ان ہلاکتوں میں220000شہری،88024مخالف فورسز ،438انسانی خدمات کی تنظیموں کے کارکن،344صحافی،6802امریکی فوجی،7876امریکی کنٹریکٹرز،30499اتحادی پولیس اور1432اتحادی فوجی شامل ہیں۔ ۔ عراق میں موجودہ صورت حال میں (ISIS) تنظیم کے مذہبی عسکریت پسندوں نے عراق کے کئی حصوں پر کنٹرول سنبھالنا شروع کردیا ہے جس سے عراق کے سیاسی مستقبل پر کئی سوالات کھڑے ہو گئے،امریکی یونی ورسٹی براؤن کے پروفیسر کیتھرین لٹز کا کہنا ہے کہ عراق میں مزید امریکی فوج کا استعمال کا فیصلہ مالی اور انسانی نقصان کا باعث ہوگا۔