Geo News
Geo News

صحت و سائنس
09 جولائی ، 2014

مسواک سنت رسول ﷺ،جس کا رمضان میں استعمال بڑھ جاتا ہے

مسواک سنت رسول ﷺ،جس کا رمضان میں استعمال بڑھ جاتا ہے

کوئٹہ........مسواک کرنا سنت رسول صلی اللہ علیہ وسلم ہے،رمضان المبارک میں خاص طور پر اس کا استعمال بڑھ جاتا ہے ۔ مسواک کی طبی اور اسلامی افادیت کے بارے میں دیکھتے ہیں ۔اللہ تعالی نے دنیا میں کوئی چیز بے کار پیدا نہیں کی، مسواک بھی بظاہر بےقدر و قیمت نظر آتی ہے، لیکن یہ چھوٹی سی چیز افادیت کے اعتبار سے بڑی بڑی چیزوں پر بھاری ہے۔ اسلامی طرز زندگی میں مسواک کی خاص اہمیت ہے، اس کے روزانہ استعمال سے نہ صرف دانت صاف رہتے ہیں اور سانس میں ایک خوش گوار مہک پیدا ہوجاتی ہے بلکہ یہ منہ کی پاکیزگی، سنت رسول صلی اللہ علیہ وسلم اور اللہ تعالیٰ کی خوشنودی کا سبب بھی ہے ۔نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمانِ عالی شان ہے کہ ’’ایک نماز جو مسواک کر کے وضو کر کے پڑھی جائے، وہ ان ستر نمازوں سے زیادہ بہتر ہے جو بغیر مسواک کی پڑھی جائیں‘‘ حدیث نبوی ﷺ کے مطابق مسواک کی ایک خصوصیت یہ ہے بھی ہے کہ موت کے وقت کلمہ طیبہ نصیب ہوتا ہے۔ جدید سائنس نے بھی مسواک کی افادیت کا اعتراف کیا ہے۔ تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ مسواک کے استعمال سے نہ صرف دماغ اور آنکھیں تیز ہوتی ہیں بلکہ اطمینانِ قلب، مسوڑھوں کی مضبوطی اور کھانا ہضم کرنے میں بھی مدد ملتی ہے۔ڈینٹل اسپیشلسٹ ڈاکٹر فہیم انورکا کہنا ہے کہ آپ بار بار اس کو صاف کرتے ہیں تو منہ کی بد بو ختم ہوجاتی ہے منہ کے اندر جو جراثیم ہوتے ہیں وہ ختم ہوجاتے ہیں انضائمز ہوتے ہیں،مسواک کرنے سے ایک اور چیز جو سامنے آئی ہے اس سے دماغ اور آنکھیں دونوں تیز ہوتے ہیں۔ایک تحقیق کے مطابق مسواک میں کیلشیم اور فاسفورس سمیت 32 اقسام کے صحت بخش اجزاء ہوتے ہیں۔ مسوا ک نہ صرف قوت حافظہ کو بڑھاتی ہے بلکہ منہ کو کینسر سمیت کئی خطرناک بیماریوں سے بھی محفوظ رکھتی ہے۔

مزید خبریں :