14 اپریل ، 2012
کراچی… کراچی کے علاقے لیاری میں آج دوسرے دن بھی صورت حال کشیدہ ہے اور لی مارکیٹ سے لیاری آٹھ چوک جانے والی سڑک پر نامعلوم افراد نے جلاوٴ گھراوٴ کر کے سڑک بند کر دی جبکہ لیاری کے مختلف علاقوں وقفہ وقفہ سے ہوئی فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔لی مارکیٹ میں گزشتہ روز پولیس کاروائیوں کے خلاف شروع ہونے والے احتجاج کا سلسلہ ہفتہ کی صبح پھر شروع ہوا۔ مشتعل افراد نے لی مارکیٹ سے آٹھ چوک لیاری جانے والی مرکزی شاہراہ پر ٹائر جلائے، اور پتھراوٴ کیا۔ نامعلوم افرادنے لی مارکیٹ، نیا آباد، اور جونا مسجد کے علاقوں میں ہوئی فائرنگ کی جس کے باعث صبح سویرے کھلنے والی دکانیں اورکاروبار بند ہو گیا۔ لیاری کی کشیدہ صورت حال کے پیش نظر پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری لی مارکیٹ چوک پر تعینات ہے اور صورت حال کو قابو کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ گزشتہ روز لیاری کے مختلف علاقوں میں فائرنگ، دستی بم حملوں اورپرتشدد کاروائیوں میں 4 افرادجاں بحق ہوئے تھے۔کشیدہ صورت حال کے باعث میٹرک بورڈ کراچی نے لیاری میں قائم امتحانی مراکز میں ریاضی کا پرچہ ملتوی کردیا ہے، نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ رات گئے گارڈن کے علاقے دھوبی گھاٹ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے خالد نامی شخص ہلاک ہوا۔