14 جولائی ، 2014
کراچی...... سندھ کے وزیر اطلاعات اور بلدیات شرجیل میمن نے کراچی واٹر بورڈ کی72 انچ قطر کی پائپ لائن ٹوٹنے کا نوٹس لیتے ہوئے ایم ڈی واٹر بورڈ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ایم ڈی واٹر بورڈ کہتے ہیں کہ اچانک لوڈشیڈنگ سے پانی کا دباوپائپ لائن کو توڑ دیتا ہے۔سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے ایم ڈی واٹر بورڈ کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ متاثرہ پائپ لائن کی فوری مرمت کروائی جائےتاکہ شہریوں کو ماہ رمضان المبارک کے دوران کسی قسم کی پریشانی نہ ہو ۔ صوبائی وزیر نے کہا ہے کہ ایک ماہ کے دوران دوسری بار مین پائپ لائن ٹوٹنے کی مکمل رپورٹ پیش کی جائے اور اگر اس میں کے الیکٹرک ملوث ہو تو اس سے بھی بازپرس کی جائے گی ۔ایم ڈی واٹر بورڈ کے مطابق اتوار اور پیر کی درمیانی شب دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر اچانک لوڈشیڈنگ کےباعث پانی کے بیک پریشر سے دھابیجی پمپنگ اسٹیشنز کی 72انچ قطر کی ایک پائپ لائن پھٹ گئی اور اس کے باعث شہر کو لاکھوں گیلن پانی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ایم ڈی واٹر بورڈ نے بتایا کہ الیکٹرک کی جانب سے دھابیجی گھارو، پپیری اور حب پر بجلی کا بریک ڈاوٴن معمول بن گیا ہے جس سے شہر میں پہلے سے موجود پانی کی قلت کا بحران مزید شدت اختیار کررہا ہے ۔