15 جولائی ، 2014
اسلام آباد.......سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے کہ ہمارے دور میں ایک طرف پاشا اور کیانی تھے ، دوسری طرف نواز شریف کالا کوٹ پہن کر عدالت میں چلے گئے۔اب ملک کسی تصادم کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ پارلیمنٹ بہت کمزور اور باقی ادارے بہت طاقتور ہیں،نواز شریف کو چاہیے کہ پارلیمنٹ کو مضبوط کریں۔اسلام آباد میں پیپلز پارٹی کے رہنما ندیم افضل گوندل کی طرف سے دیے گئے افطار کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ افتخار چودھری ایک منتخب وزیر اعظم کو نہیں نکال سکتے تھے لیکن انہوں نے مجھے نکالا۔ یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ جب ہم اقتدار میں تھے تو اسٹیبلشمنٹ نے نہیں چلنے دیا۔ ہمارے دور میں افتخار چودھری اور پرویز مشرف بھی تھے، سابق وزیر اعظم نے کہا کہ نواز شریف نے فیصل آباد کے جلسے میں میمو گیٹ کا مسئلہ 10 دن میں حل کرنے کی ڈیڈ لائن دی، ہم نے 3 دن میں حسین حقانی سے استعفٰی لے کر مسئلہ حل کیا مگر نواز شریف پھر بھی عدالت پہنچ گئے۔ جو لوگ ہمارے دور میں مسائل پیدا کر رہے تھے آج وہ خود مسائل کا شکار ہیں۔یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ آصف علی زرداری نے 4 حلقوں کے بارے میں جو بیان دیا پارٹی ان کے ساتھ ہے۔