دنیا
18 جولائی ، 2014

ملائیشیا کا مسافر طیارہ یوکرین میں میزائل حملے کا شکار، 298 افراد ہلاک

ملائیشیا کا مسافر طیارہ یوکرین میں میزائل حملے کا  شکار، 298 افراد ہلاک

کیف...... ملائیشیا کا مسافر طیارہ یوکرین میں میزائل حملے کا نشانہ بن گیا، 80 بچوں سمیت دو سو اٹھانوے افراد ہلاک ہوگئے، حکومت کہتی ہے باغیوں نے میزائل داغا، باغی کہتے ہیں حکومت نے گرایا۔ بوئنگ طیارہ سترہ جولائی انیس سو ستانوے کو پہلی پرواز کے پورے سترہ سال بعد انجام سے دوچار ہوا۔ چار ماہ میں ملائیشین ائیر ویز کو دوسرے بڑے صدمے نے آگھیرا ہے۔ ہالینڈ کے دارالحکومت ایمسٹردم سے اڑان بھرنے والی پرواز کی منزل تھی کوالا لمپورلیکن یوکرین کی فضائی حدود میں طیارہ اس وقت آگ کا گولا بن کر زمین پر آگراجب اسے تینتیس ہزار فٹ کی بلندی پر زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل سے نشانہ بنایا گیا۔ واقعے کے بعد یوکرین کی حکومت اور روس نواز باغیوں کے درمیان مسافروں کی ہلاکت پر الزمات در الزامات کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا،دونوں نے ایک دوسرے پر طیارے کو میزائل سے نشانہ بنانے کے الزامات دھرے اور خود کو معصوم ثابت کرنے کی کوشش کی تاہم سوشل میڈیا پر گردش کی جانے والی تصاویر میں بد قسمت جہا ز کے ملبے کے پاس مسلح باغیوں کو دیکھا جاسکتا ہے۔ یوں 80 بچوں سمیت 298 مسافر الزام تراشی کے کھیل کی نظر ہوگئے۔ امریکی صدر باراک اوباما نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے یوکرین کو مشکل وقت میں مدد کی پیش کش کی ہے۔ دوسری جانب ایمسٹرڈم ائیر پورٹ پر واقعے کے بعد ملائیشین ائیر ویز کا کائونٹر بند کردیا گیا ہے، کئی ملکوں نے اپنی فضائی کمپنیوں کو یوکرین کی حدود استعمال کرنے سے روک دیا ہے۔ ملائیشین ائیر لائن کی بد قسمتی یہ ہے کہ آٹھ مارچ کو لاپتہ ہونے والے طیارے کے بارے میں بھی یہی کہا گیا کہ بد قسمت جہاز مقررہ روٹ سے بھٹک گیا تھا اور ٹھیک 17 برس قبل اپنے سفر کا آغاز کرنے والے ایم ایچ 17 طیارے کے بارے میں بھی اب یہی اطلاعات سامنے آرہی ہیں کہ اس کا سفر بھی یوکرین کی غیر موزوں فضائی حدود میں ختم ہوا۔

مزید خبریں :