18 جولائی ، 2014
لندن ....این جی ٹی ....شاہانہ طرزِ زندگی گزارنے والے افرادکواکثر بیش قیمت اشیاء جمع کرنے کا شوق ہوتا ہے جو نت نئی قیمتی اشیاء خریدکر اپنی شان و شوکت کا اظہار کرتے نظر آتے ہیں،ایسے ہی افرادکیلئے دنیا کا مہنگا ترین سرف بورڈ تیارکر لیاگیا ہے۔1.3ملین ڈالرمالیت کےدی ریمپنٹ( The Rampant)نامی اس دلکش سرف بورڈ کو نیوزی لینڈ کے نامور سرفر روئے اسٹورٹ نے نایاب درختPaulowniaاور kahikateaکی لکڑی تراش کر تیار کیا ہے جس کی کل لمبائی 3.2میٹر ہے ۔انتہائی نفاست اور خوبصورتی سے تراشے گئے اس دیدہ زیب سرف بورڈ پر23قیراط خالص سونے کا ایک ایسا نقش بھی نصب کیا گیا ہے جو شیر سے مشابہہ ہے جبکہ اس پر لگا نیلے رنگ کا جگمگاتا فِن اورلکڑی کی دلکش علامتی سرنگ اس کی خوبصورتی کو چار چاند لگا رہے ہیں۔ دنیا کے اس مہنگے ترین سرف بورڈرکے ساتھ سمندر کی بلند لہروں پر سرفنگ تو شاید ہی کوئی کرے لیکن یہ اپنے خریدار کے اعلیٰ طرزِ زندگی کی علامت ضرور بن جائیگا جس کی ابتدائی قیمت خرید13 لاکھ ڈالر متعین کی گئی ہے۔