14 اپریل ، 2012
ملتان … صدر زرداری نے کہا ہے کہ وزیراعظم کو ٹارگٹ کیا گیا ہے، میں ان سے اظہار یکجہتی کیلئے ملتان آیا ہوں، پنجاب میں اتحاد اور مفاہمت چاہتے تھے لیکن ان کی نیت صحیح نہیں تھی، الیکشن سے قبل لوڈ شیڈنگ سے نجات پالیں گے۔ یہ بات صدر آصف علی زرداری نے ملتان میں وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کی رہائش گاہ پر پارٹی اراکین اسمبلی اور پیپلز پارٹی پنجاب کے عہدیداران کے وفود سے ملاقات کے دوران کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں مجھے منشیات کے کیس میں پھنسانے کی سازش کی گئی، اب وزیراعظم کے صاحبزادے کو منشیات کے کیس میں غلط طور پر ملوث کیا جا رہا ہے۔ صدر پاکستان نے مزید کہا کہ ایسے سرائیکی صوبے کا قیام چاہتے ہیں جو معاشی طور پر خود اپنے پاوٴں پر کھڑا ہو۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے اختیارات وزیراعظم اور پارلیمنٹ کو دئیے تو میاں نواز شریف نے خود فون کر کے کہا کہ کیا آپ نے واقعی ایسا کر دیا ہے، میں نے " ہاں " میں جواب دیا دوسری طرف وزیراعلیٰ پنجاب نے کئی وزارتیں خود سنبھال رکھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم پنجاب میں اتحاد اور مفاہمت چاہتے تھے لیکن ان کی نیت صحیح نہیں تھی۔ صدر آصف علی زرداری کہا ہم نے وزارت اعلیٰ کا عہدہ خود ان کو دیا ، چاہتے تو پنجاب حکومت بنا سکتے تھے ان کے پاس 138 اراکین اور ہمارے پاس 108 اراکین تھے، ہم نے آزاد اراکین خود ان کی طرف جانے دئیے۔ ان کا کہنا تھا الیکشن سے پہلے ہر صورت بجلی کا مسئلہ حل کریں گے ۔