22 اگست ، 2014
کراچی .......وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے بلدیہ عظمی کراچی کے حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ دس روز کے اندر 36 بسوں کو سڑکوں پر لائیں، محکمہ منصوبہ بندی کو بھی ہدایت کی کہ وہ کراچی میں گرین لائن بس سروس شروع کرنے کیلئے ایک ماہ کے اندر پی سی ون تیار کرواکر وفاق کو بھیجے۔انہوں نے یہ بات سی ایم ہاوس میں ٹرانسپورٹ کے متعلق اجلاس کے دوران کہی۔ اجلاس کے دوران کے ایم سی کے متعلقہ افسران کی جانب بسوں کو سڑکوں پر نہ لانے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے بسوں کی رپیئر اورری کنڈیشنگ پر خطیر رقم خرچ کی، ان بسوں کوعیدسے پہلے سڑکوں پر لانا تھا۔ لیکن افسران کی نااہلی کی وجہ سے یہ بسیں مہینوں سے ورکشاپ پر کھڑی ہیں۔انہوں نے افسران کوآٹھ دن کی مہلت دیتے ہوئے کہا کہ 2ستمبرتک تیار کھڑی 36بسوں کو سڑکوں پر لائیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ گرین لائن بس سروس وزیراعظم کے اعلان کے مطابق وفاق کی جانب سے 15ارب کی لاگت سے شروع کی جا رہی ہے۔ لیکن سندھ حکومت کو اس کی پی سی ون ایک ماہ کے اندر وفاق کے پاس جمع کرانی چاہیے،تاکہ اس کو ایکنک سے پاس کرایا جا سکے،سندھ حکومت بھی 26کلو میٹر کی طویل ییلولائن بس سروس 12ارب کی لاگت سے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت شروع کر رہی ہے،لہذاتمام فارمنٹیلزیکم دسمبر2014تک مکمل کی جائے۔