17 اپریل ، 2012
گلگت … گلگت میں آج صبح 6 بجے سے شام 6 بجے تک کرفیو میں نرمی دی گئی ہے دفاتر اور بازار کھل گئے ہیں تاہم کھانے پینے کی اشیا اور پیٹرول کی شدید قلت ہے۔ اسلام آباد اور گلگت کے درمیان 14 دن بعد فضائی سروس بھی بحال ہوگئی اور پہلی پرواز آج گلگت پہنچ گئی ہے۔سانحہ چلاس کے خلاف گلگت میں تین اپریل کو پرتشدد مظاہروں کے بعد کرفیو نافذ کیا گیا تھا۔ آج کرفیو میں صبح 6 سے شام 6 بجے تک وقفہ دیا گیا۔ اس دوران جیکٹ اور چادر پہننے ، دو یا دو سے زائد افراد کے ایک ساتھ گھومنے پر پابندی عائد ہے۔ امن و امان قائم رکھنے کے لئے پولیس اورفوج کے جوانوں کا گشت جاری ہے۔ شہرمیں دکانیں، مارکیٹیں اور دفاتر کھل گئے ہیں۔ لوگوں نے بازاروں میں کھانے پینے اور دیگر ضروری اشیاء کی خریداری شروع کردی ہے۔ گزشتہ پندرہ روز کے دوران کرفیو میں صرف چھ مرتبہ وقفہ دیا گیا جس کی وجہ سے دکانوں میں موجود اسٹاک ختم ہوگیا ہے اور پیٹرول اور غذائی اجناس کی شدید قلت ہے۔لوگوں کو خاص طور پر آٹا، چینی اور دودھ کے حصول میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔