02 ستمبر ، 2014
اسلام آباد......تحریک انصاف کے نظریاتی کارکن اور پارٹی کے سابق صوبائی ترجمان زاہد حسین مہمند نے کہا ہے کہ چودھری برادران اور شیخ رشید جیسے لوگوں نے عمران خان اور پوری کی پوری پارٹی کو ہائی جیک کر لیا ہے۔ پی ٹی آئی کے بانی کارکن اور سابق صوبائی ترجمان زاہد حسین مہمند نے پشاور میں جیو نیوز سے گفتگو میں بتایا کہ 1997 سے وہ پارٹی سے وابستہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزادی مارچ پر انہیں شدید تحفظات ہیں جبکہ پارٹی قیادت کی جانب سے نظریاتی کارکنوں کو مسلسل نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ زاہد مہمند نے کہا کہ اگر نظریاتی کارکنوں کی بات سنی جاتی تو شاید آزادی مارچ میں پی ٹی آئی کے کارکنوں کی تعداد پانچ گنا زیادہ ہوتی۔ زاہد مہمند کا یہ بھی کہنا ہے کہ جاوید ہاشمی ان کے صدر ہیں اور تمام نظریاتی کارکنوں کو ان کی سربراہی میں منظم کیا جائے گا۔