18 اپریل ، 2012
کراچی… کراچی کے مختلف علاقوں فائرنگ، پرتشدد واقعات اور ڈکیتی میں مزاحمت کے دوران فائرنگ سے خاتون سمیت9 افراد جاں بحق اور متعددافراد زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق عائشہ منزل کے علاقے میں نامعلوم کار ایک شخص کی بوری بند لاش پھنک کر فرار ہو گئی۔ مقتول کی شناخت اور پولیس کارروائی کی لئے لاش کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔ ادھر ریسکیو ذرائع کے مطابق ہاکس بے سے بھی ایک لاش ملی ہے جس کی شناخت کی کوشش جاری ہے۔ اس سے قبل نارتھ ناظم آباد میں واقع میمن کملپکس کے قریب نامعلوم افراد دو لاشیں پھینک کر فرارہو گئے۔ نامعلوم مقتولین کو تشدد کے بعد گلا دبا کر ہلاک کیا گیا ہے۔ پہاڑ گنج میں چائے کے ہوٹل پر فائرنگ سے پانچ افراد زخمی ہوگئے۔ جن میں سے مطیع اللہ نامی شخص اسپتال جاتے ہوئے جبکہ عباس اور اللہ دوست دوران علاج زخموں کی تاب نا لاتے ہوئے چل بسے۔ ننارتھ ناظم آباد میں اصغر علی شاہ اسٹیڈیم کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو افراد زخمی ہو گئے۔ پی ای سی ایچ ایس سوسائٹی بلاک 6 میں گاڑی چھیننے کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کر کے میاں بیوی کو زخمی کر دیا۔ 45 سالہ خاتون دوران علاج جاں بحق ہو گئیں۔سائٹ کے علاقے گل بائی میں ایک فیکٹری میں نامعلوم افراد نے ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ڈنڈوں کے وار کر کے چوکیدار کو قتل کر دیا۔