09 ستمبر ، 2014
اسلام آباد.......وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا ہے کہ آج فوج اور حکومت ایک صفحے پر ہیں،کچھ لوگوں نے کوشش کی کہ فوج کو سیاسی کردار پر اکسایا جائے مگر انہیں ناکامی ہوئی۔ عمران خان باربار غلط بیانی کرکے قوم کو گمراہ اور ملک کو خانہ جنگی کی طرف دھکیل رہے ہیں۔اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ تحریک انصاف کی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی رپورٹ میں دھاندلی کا ذکر نہیں،انتخابات میں شکست کی وجہ پارٹی میں کرپشن اور ٹکٹوں کی تقسیم کو قرار دیا گیا ،تحریک انصاف کے 11 ارکان قومی اسمبلی نے ایک پیسہ بھی ٹیکس جمع نہیں کرایا۔احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ایک ٹی وی اینکر کے جھوٹ سچ کو اپنا پالیسی بیان بنانے والا شخص ایٹمی ملک کا سربراہ کیسے بن سکتا ہے،حکومت نے آئی بی کو انسداد دہشت گردی کے لیے پیسے دیے،عمران خان نے الزام لگادیا کہ آئی بی کو صحافیوں کوخریدنے کےلیے پیسے دیے گئے۔اس موقع پر وفاقی وزیرانوشہ رحمان کا کہنا تھا کہ عمران خان جھوٹ کے چوکے چھکے لگاتے ہیں،خیبرپختونخوا حکومت تمام وسائل دھرنوں پر خرچ کر رہی ہے۔