14 ستمبر ، 2014
ملتان.....دریائے چناب میں ملتان کے مقام پر اونچے درجےکا سیلاب ہے ۔شیر شاہ ریلوے اسٹیشن اور آئل ڈِپو کو بچانے کے لئے عارضی بند بنا دیاگیا ۔مظفر گڑھ میں سیلاب سے 90دیہات متاثر ہوئے ہیں۔دریائے چناب میں ملتان کے قریب شیرشاہ بند کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب ہے۔ پانی کا بہاؤ ساڑھے 6لاکھ کیوسک سے تجاوز کر گیا ہے۔ضلع میں اب تک دو سو سے زائد موضع متاثر ہوئے ہیں ۔شیر شاہ ریلوے اسٹیشن اور آئل ڈپو کو بچانے کے لئے چھوٹا سا عارضی بند بنا دیاگیا ہے۔دریائے چناب میں مظفر گڑھ کے مقام پر بھی اونچے درجے کا سلاب ہے ۔اس وقت یہاں سے ساڑھے 7لاکھ کیوسک پانی گزر رہا ہے ۔سیلابی ریلے سے مظفر گڑھ کے 90 سے زائد دیہات زیر آب آگئے جس کی وجہ سے 50ہزار سے زائد افراد متاثر ہوچکے ہیں۔ موضع وفا دار پور کے ٹوٹے ہوئے حفاظتی بند کی ابھی تک مرمت نہیں کی جاسکی ہے ۔راجن پور کے مقام پر دریائے سندھ میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہورہی ہے ،اس وقت یہاں نچلے درجے کا سیلاب ہے اور ساڑھے 4لاکھ کیوسک کا ریلا گزر رہا ہے ۔کوٹ مٹھن،روجھان اور عمر کوٹ میں سیلاب سے متاثرہ افراد کے لئے 11ریلیف کیمپ قائم کردیئے ہیں ۔اُچ شریف کے قریب چناب کے سیلابی ریلے سے بختیاری زمیں داراں بند ٹوٹنےسے کئی دیہات میں پانی داخل ہوگیا ہے ۔بہاولپور میں ہیڈپنجند پر پانی کا بہاؤ بڑھ کر 3لاکھ 75ہزار کیوسک ہوگیا ہے اور پانی کی سطح مسلسل بلند ہورہی ہے ۔