16 ستمبر ، 2014
رائے پور......کپتان محمد حفیظ کی آل راؤنڈ پرفارمنس کی بدولت لاہور لائنز نے سدرن ایکسپریس کو 55رنز سے ہرادیا، اس کامیابی کے نتیجے میں اُس کے چیمپئنز لیگ کے مین راؤنڈ میں پہنچنے کے امکانات برقرار ہیں۔رائے پور میں لاہور لائنز نے پہلے بیٹنگ کی ، احمد شہزاد 29، عمر صدیق 18 اور ناصر جمشید ایک رن بنا کر آؤٹ ہوگئے، 52 رنز پر تین کھلاڑی آوٹ ہوئے توایسے میں محمد حفیظ نے کپتان اننگز کھیل ڈالی انہوںنےچالیس گیندوں پر 5 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 67رنز بنائے،سعد نسیم نے بھی ہاتھ دکھائےانہوں نے31 رنز بنائے، دونوں کے درمیان 75رنز کی شراکت بنی۔لاہور لائنز نے بیس اوورز میں چھ وکٹ پر 164رنز بنائے۔جواب میں حریف بیٹسمین اعزاز چیمہ کے سامنے بے بس ہوگئے،چیمہ نے ابتدائی تین کھلاڑیوں کوآوٹ کر کے حریف کو بیک فٹ پر کردیا اور دیگر بولرز نے کام تمام کر دیا ۔ وہاب ریاض اور عدنان رسول نے دو، دو ، عمران علی اور محمد حفیظ نے ایک، ایک وکٹ لی۔اس طرح سدرن ایکسپریس 109رنز پر ڈھیر ہوگئی 55رنز کی کامیابی کے ساتھ لاہور لائنز نے چیمپینز لیگ کے مین ایونٹ تک رسائی کے امکانات روشن رکھے ہیں۔