23 ستمبر ، 2014
اسلام آباد...... عام انتخابات کے بیلٹ پیپرز، مقناطیسی سیاہی اور ریٹرننگ افسران سے متعلق الزامات کے جائزے کےلیے الیکشن کمیشن کا اجلاس 26 ستمبر کو طلب کر لیا گیا ہے ۔سیکریٹری الیکشن کمیشن نے انتخابی دھاندلی سے متعلق شاہ محمود قریشی کے الزامات مسترد کر دیے ۔ الیکشن کمیشن کے26 ستمبر کو ہونے والے اجلاس میں نادرا، پرنٹنگ کارپوریشن، سیکیورٹی پرنٹنگ اور پی سی ایس آئی آر کے حکام بھی شریک ہوں گے۔سیکریٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد خان کے مطابق اجلاس میں انتخابات سے متعلق حقائق نامہ تیار کیا جائے گا، جو29 ستمبر کو پارلیمانی کمیٹی کے سپرد کیا جائے گا۔سیکریٹری الیکشن کمیشن نے شاہ محمود قریشی کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کمیشن کی ویب سائٹ پر جاری کی گئی جائزہ رپورٹ کی پہلے وضاحت کی جا چکی ہے۔