19 اپریل ، 2012
اسلام آباد … امریکی سفیر کیمرون منٹر نے کہا ہے کہ ضروی نہیں کہ پاکستانی پارلیمنٹ کی تمام سفارشات سے ہم اتفاق کریں، ڈرون حملوں سمیت تمام معاملات پر پاکستان سے رابطے کیلئے تیار ہیں، ہمیں باہمی تعلقات مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے ہونگے، افغانستان چھوڑنے کا ارادہ نہیں رکھتے۔ اسلام آباد میں امریکی سفیر کیمرون منٹر کا کہنا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات کی بحالی سب سے اہم ہے، امید ہے حکومت پاکستان امریکا سے تعلقات پر منصوبے کو عملی جامہ پہنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سیاچن کے واقعے پر ہم نے اپنے فوجی اور دیگر ذرائع پاکستان کو فراہم کئے، پاک فوج نے مدد قبول کی، دوسرے ممالک بھی پاکستان کی مدد کررہے ہیں۔ کیمرون منٹر کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں سفارتخانے کی توسیع نہیں بلکہ نیا سفارتخانہ تعمیر کر رہے ہیں، تناوٴ کم کرنے کیلئے پاکستان اور بھارت کے ہر اقدام کو سراہتے ہیں، کشیدگی کم ہونے سے دونوں ممالک کی معاشی حالت بہتر ہوگی۔ امریکی سفیر کہتے ہیں کہ ہم افغانستان چھوڑنے کا ارادہ نہیں رکھتے، افغان سیکیورٹی اور جمہوری عمل کیلئے پُرعزم ہیں، نیٹو سربراہ اجلاس انتہائی اہمیت کا حامل ہے، دعوت نامے ابھی جاری نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ضروری نہیں کہ پاکستان کی تمام پارلیمانی سفارشات سے ہم اتفاق کریں، ڈرون حملوں سمیت تمام معاملات پر پاکستان سے رابطے کیلئے تیار ہیں، ہمیں باہمی تعلقات مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے ہوں گے۔