28 ستمبر ، 2014
لاہور...... وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ لاہور ہمارا شہر ہے ، ہم یہاں پیدا ہوئے ہیں،ہم کسی کا جلسہ خراب نہیں کرنا چاہتے ، پارلیمنٹ ہاؤس اور پی ٹی وی پر حملہ کرنیوالوں کے خلاف طاقت استعمال نہیں کی، تبدیلی لانے کے خواہشمند جمہوری انداز اپنائیں، دس ، پندرہ آدمی اکٹھے کر کے دوسرے کے جلسے خراب کرنیوالو ں کو بھی اس قسم کا مظاہرہ سامنے آسکتا ہے، ہم اپنے کارکنوں کو عزت اوراحترام کا درس دیتے ہیں۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز رشید کا کہنا تھا کہ لاہور ہمارا شہر ہے ، ہم یہاں پیدا ہوئے ہیں، لاہور میں ہمارے بھی کارکن ہیں ، ہم کسی کا جلسہ خراب نہیں کرنا چاہتے ، بادشاہوں کے زمانے ختم ہو گئے، اب سیاست میں کوئی کسی کو فتح نہیں کرتا ، ہم دلوں پر راج کا کلچر پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان صاحب کہتے ہیں مجھے صرف وزیراعظم کا استعفیٰ چاہئے، وزیراعظم صاحب کو پارلیمنٹ نے منتخب کیا، کوئی دوسرا استعفیٰ نہیں مانگ سکتا ، عمران خان صاحب کو اپنی ٹیم پر بھی اعتماد نہیں ، ان کے پیچھے کوئی نہیں ، انہوں نے قوم کو دھوکہ دیا۔