28 ستمبر ، 2014
لاہور...... پنجاب کےوزیراعلیٰ محمدشہباز شریف کا کہنا ہےکہ غریب طبقہ انقلاب لےآیا تو بنی گالہ،180ایچ اور رائے ونڈ سمیت کچھ نہیں بچے گا ،اس طبقے کا انقلاب سب کچھ خس وخاشاک کی طرح بہا لےجائے گا، اس دن سے بچیں اور ملک میں منصفانہ نظام لےکر آئیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب نےماڈل ٹاؤن لاہورمیں لیڈی ہیلتھ وزیٹرز اور سپر وائزرز کو مستقل کئےجانے کی تقریب سے خطاب کرتےہوئےکہا کہ بدقسمتی سے ملک میں جو بحران پیدا کیاگیاہے،اس نےترقی کے سفر کو بہت نقصان پہنچایا ہے،اپوزیشن ہوش کے ناخن لے، ملکی ترقی اور خوشحالی کا خواب دھندلا کر دیا گیا تو تاریخ کسی کو معاف نہیں کرے گی۔ شہبازشریف نےکہا، یہاں2طبقےہیں،ایک کےپاس بہت کچھ ہےاور وہ کسی غریب سے ہاتھ ملانا بھی پسند نہیں کرتا،دوسرے کے پاس کچھ نہیں اور اسے کھانے کے لالے پڑے ہیں،اگر یہ طبقہ انقلاب لے آیا تو کچھ نہیں بچے گا۔ شہباز شریف کا کہنا تھاکہ پنجاب میں پولیو کے کیسز دوسرے صوبوں سے کم ہیں، تاہم کوشش کر کے یہاں سے پولیو سمیت دیگر امراض کو ختم کرنا ہو گا ،انہوں نے لیڈی ہیلتھ وزیٹرز اور سپروائزز کو اکتوبر کی تنخواہیں نئے گریڈ کے مطابق عید سے قبل دینےکااعلان کیا۔