30 ستمبر ، 2014
ملتان...... سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ شوکاز نوٹس کے جواب دینے کا پابند ہوں، مناسب یہی ہے کہ 10 اکتوبر کو ملتان میں ہونے والے پاکستان تحریک انصاف کے جلسہ میں مجھے بلا کر مجھ سے جواب لے لیا جائے، پارٹی 20 دن میں 30 یوٹرن لیتی ہو اس پر کیسے اعتبار کیا جائے ۔ ملتان میں اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے جاوید ہاشمی نے کہا کہ شیخ رشید اصلی شیخ نہیں ہیں، میری بات جھوٹ ثابت ہو جائے تو پنڈی والے میری بات کی گواہی دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنوکریٹ حکومت بنانے کی بات اگر عمران خان نے لندن میں کی ہوتی تو وہ اب تک جیل میں ہوتے، اسلام آباد دھرنے میں جانے کے بعد محسوس ہوا کہ کسی نے انہیں محبوس کر رکھا ہے، اوپر اوپر سے کہتے ہیں ہم کسی کےکہنے پر نہیں آئے ۔ جاوید ہاشمی نے کہا کہ شاہ محمود قریشی ایک سو سال سے اسی گھر میں رہ رہے ہیں لیکن ان کے کہنے پر ساتھ کے گھر والے بھی پاکستان تحریک انصاف میں شامل نہیں ہوئے ، الیکشن کا بائیکاٹ کرتے ہوئے امیدوار کی حمایت بھی کرتے ہیں لیکن اسے بلے کا انتخابی نشان نہیں دلواتے ، ہاتھ میں بیٹ ہے نہیں اور الیکشن جیتنا چاہتے ہیں، شیخ رشید اگر ملتان میں آ کر الیکشن لڑنا چاہتا ہے تو آئے ، حلقہ این ۔ اے 150شاہ محمود قریشی کے استعفے کے بعد خالی ہو چکا ہے، میں بھی اسی حلقہ میں الیکشن کا امیدوار ہوں گا ۔ جاوید ہاشمی نے کہا کہ تحریک انصاف کو بھی زندہ رہنے کا حق ہے، کل حکومت کے لئے مشکل وقت تھا آج پارٹیوں کے لئے حالات مشکل ہیں ۔