02 اکتوبر ، 2014
میانوالی...... تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نےکہا ہے کہ گو نواز گو کے نعرے غیر جمہوری نہیں ، نعرے لگانے والوں پر تشدد غیر جمہوری ہے، وعدہ ہے کہ حکومت میں آکر ہندوستان کی طرح اپنےکسانوں کی مدد کریں گے، ایسا بلدیاتی نظام لائیں گے کہ عوام کے مسائل ان کے گھروں میں حل ہوں گے۔ میانوالی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ تین دن کے نوٹس پر اتنا بڑا جلسہ کیا، دوسری جماعتوں کو اتنے بڑے جلسے کی تیاری میں 6 ماہ لگتے ہیں، نواز شریف نے ڈیڑھ کروڑ ووٹ لیے ہیں تو وہ پنجاب میں اتنا بڑا جلسہ کرکے دکھائیں، اس کا 30 فیصد جلسہ بھی کردیں تو مان لیں گے کہ دھاندلی نہیں ہوئی۔ عمران خان نے کہا کہ 6، 6 لاکھ روپے کے بل بھیج کر کسانوں کا معاشی قتل عام کیا جارہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ قوم نے فیصلہ کرلیا ہے کہ نیا پاکستان بنانا ہے، وعدہ ہے کہ حکومت میں آکر ہندوستان کی طرح اپنےکسانوں کی مدد کریں گے، ایسا پاکستان بنائیں گے جہاں ہر شہر ی کو اس کا حق ملے گا، ایسا نظام لائیں گے جس میں آسانی سے انصاف ملے، پورے ملک میں ایک تعلیمی نصاب ہوگا، ایسا بلدیاتی نظام لائیں گے جس میں اختیارات عوام کے ہاتھ میں ہوں۔