05 اکتوبر ، 2014
اسلام آباد........قائدملتِ جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ عید الاضحی صبر و رضا اور سنتِ ابراہیمی کے اس عظیم ترین دن کی یاد گار ہے جب خلیل خدا حضرت ابراہیم ؑ نے اپنے نورِ نظر لختِ جگر حضرت اسماعیل ؑ کو بارگاہِ خداوندی میں قربانی کیلئے پیش کرکے اطاعت و فرمانبرداری ‘صبر و استقامت اور فدا کاری کی عظیم مثال پیش کی جو آج بھی دنیائے شریعت کیلئے مشعلِ راہ ہے۔عید الاضحی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ ہماری کامیابی و سرفرازی کا راز اسوہ ابراہیمی ؑ کو اپنانے میں مضمر ہے جس سے ذاتِ خداوندی پر غیر متزلزل ایمان و ایقان اور دنیائے ظلم و بربریت سے ٹکرانے کا حوصلہ ملتا ہے اور یہی وہ جذبہ ہے جو نارِ نمرود کو ہوائے گلشن کے جھونکوں میں بدل دینے کی قوت عطا کرتا ہے۔علامہ موسوی نے کہا کہ حضرت ابراہیم ؑ و اسماعیل ؑ نے اللہ سے اپنی عظیم محبت اور خلت کا وہ عظیم مظاہرہ کیا جو ایثار و قربانی کرنے والوں کیلئے رہتی دنیا تک سبق آموز ہے۔انھوں نے کہا کہ اس دور کا ابلیس بھی پوری قوت کے ساتھ مظلوم اقوام اور عالم اسلام پر حملہ آور ہے جو نئے ہتھکنڈوں اور حربوں سے اپنے آلہ کاروں ہنود و یہود کے ساتھ مل کر وطن عزیز پاکستان کو نقصان پہنچانے کے درپے ہے ،استعماری ثلاثہ کی اس سازش کو سمجھنا نہایت ضروری ہے کیونکہ اس وقت امت مسلمہ اسکا خاص ٹارگٹ ہے ‘ شیطانی قوتیں دہشتگردی کیخلاف وزیر ستان میں ہونیوالے ضرب عضب آپریشن کو سبوتاژ کرنے کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگا رہی ہیں ‘دوسری جانب زمینی و آسمانی آفات نے عوام کا جینا دوبھر کررکھا ہے‘سیاسی جماعتیں دھرنوں‘جلسوں اور احتجاجی ریلیوں کے ذریعے دشمن کا کام آسان کررہی ہیں‘پاک ایران گیس پائپ لائن معاہدہ سرد خانے میں ڈال دیا گیا ہے جبکہ بھارت نے بلااشتعال جھڑپیں جاری رکھی ہوئی ہیں ،انھوںنے عوام سے اپیل کی کہ عیدالاضحی انتہائی سادگی کے ساتھ منا کر گناہوں سے توبہ کریں،مظلوموں و محروموں کے دکھ درد بانٹیں،اُن کا خیال رکھیں۔