07 اکتوبر ، 2014
لاہور..........بکرے کی ران لائیں روسٹ کروائیں ، لاہور میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر مختلف ہوٹلوں اور دیگر مقامات پر بکرے کی رانوں کو روسٹ کرنے کا خاص انتظام کیا جاتا ہے، جہاں بکنگ والوں کو اس مزیدار ڈش کے لئے لمبا انتظار بھی کرنا پڑتا ہے۔ خوش خوراکی میں زندہ دلان لاہور کا کوئی ثانی نہیں، عید قرباں کے گوشت کو مختلف انداز میں پکانے کے علاوہ بکرے کی ران لازمی روسٹ کراتے ہیں۔ اسی کو دیکھتے ہوئے شہر میں جگہ جگہ ران روسٹ کروانے کے لیے خصوصی انتظامات کیے جاتے ہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ راسٹ روسٹ کراکر کھانے کا اپنا ہی مزا ہے۔ ران روسٹ کرنے والوں کا کہنا ہے کہ ایک ران کو روسٹ کرنے کے لیے 8سے 10گھنٹے لگتے ہیں۔ رش کی وجہ سے ٹوکن دئیے جاتے ہیں، جس کے بعد بکرے کی ران کو روسٹ کرنے کے لیے تیاری کے مراحل میں ڈال دیا جاتا ہے۔ بکرے کی رانیں روسٹ کرنے کا سلسلہ آٹھ دس روز تک جاری رہے گا، اس دوران ہزاروں رانیں روسٹ کی جائیں گی۔