20 اپریل ، 2012
کوئٹہ … سربراہ تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ حکمرانوں میں اہلیت نہیں کہ وہ بلوچستان میں حالات بہتر کریں، فوجی آپریشن کسی مسئلے کا حل نہیں، بلوچستان کے وسائل صوبے کی بہتری پر خرچ کئے جائیں، جب تک کرپٹ حکمران رہیں گے قومی دولت غائب ہوتی رہے گی، ہم بلوچستان کے سب لوگوں کو اکٹھا کریں گے اور بلوچستان میں امن لے کر آئیں گے۔ تحریک انصاف پاکستان کے چیئرمین عمران خان کوئٹہ میں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں کوئٹہ آنے سے ڈرایا گیا تھا لیکن ہم نہیں ڈرے ، ہم آج خوف کی زنجیریں توڑنے آئے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ بلوچستان کو این ایف سی ایوارڈ میں ملنے و الے 110 ارب روپے کدھر گئے، جب تک کرپٹ حکمران رہیں گے پیسہ اسی طرح غائب ہوتا رہے گا۔ عمران خان نے کہا کہ بلوچستان میں 3بار ملٹری آپریشنزہوئے لیکن کامیاب نہیں ہوسکے، فوجی آپریشن کسی مسئلے کا حل نہیں، بلوچستان کے وسائل صوبے کی بہتری پر خرچ کئے جائیں۔ سربراہ پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ ہم بلوچستان کے سب لوگوں کو اکٹھا کریں گے ، بلوچستان کے سیاستدان آج زرداری، گیلانی اور نواز شریف سے کیا بات کریں، نواز شریف کو تو لوگوں کو اکٹھا کرنے کیلئے لیپ ٹاپ دینے پڑتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم بلوچستان میں امن لے کر آئیں گے، حکمرانوں میں اہلیت نہیں کہ وہ بلوچستان میں حالات بہتر کریں، موجودہ حالات کے ذمے دار نواز شریف بھی ہیں، انہوں نے اے پی ڈی ایم کو الیکشن سے بائیکاٹ کرایا، جس سے بہت نقصان ہوا۔