پاکستان
20 اپریل ، 2012

راولپنڈی: نجی ایئر لائن کا طیارہ گرگیا، 118 مسافروں کی ہلاکت کی اطلاع

راولپنڈی: نجی ایئر لائن کا طیارہ گرگیا، 118 مسافروں کی ہلاکت کی اطلاع

راولپنڈی…راولپنڈی میں چکلالہ کے علاقے بحریہ ٹاوٴن کے قریب نجی ایئر لائن کا مسافر طیارہ گرکر تباہ ہوگیا، وزارت دفاع نے طیارہ حادثے کی تصدیق کردی ہے۔ ذرائع کے مطابق 118 افراد کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں ، طیارے میں 127 مسافر سوار تھے، طیارہ کراچی سے اسلام آباد کیلئے شام 5 بجے روانہ ہوا تھا۔ فضائی حادثے کی متضاد اطلاعات کے بعد سول ایوی ایشن ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والا مسافر طیارہ بھوجا ایئر لائن کا ہے جس میں 118 مسافر اور عملے کے 9 ارکان سوار تھے۔ وزارت دفاع نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق طیارہ اسلام آباد ایئرپورٹ سے 5 کلو میٹر دور رہائشی علاقے میں گرا، حادثے کے مقام پر اب بھی کئی جگہ آگ لگی ہوئی ہے اور طیارے کا ملبہ دور دور تک بکھرا ہوا ہے، سول اور فوجی امدادی ٹیمیں حادثے کے مقام پر پہنچ گئی ہیں جبکہ راولپنڈی اور اسلام آباد کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق نجی ایئر لائن کی پرواز بی فور۔ 213 شام 5 بجے کراچی سے اسلام آباد کیلئے روانہ ہوئی تھی تاہم ٹریفک کنٹرول سے 6 بج کر 40 منٹ سے طیارے کا کوئی رابطہ نہیں تھا۔ ذرائع کے مطابق کنٹرول ٹاور سے طیارے کو لینڈنگ کیلئے کلیئر کردیا گیا تھاتاہم موسم کی خرابی کے باعث طیارہ حادثے کا شکار ہو گیا۔ وزیر دفاع نے ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن کو راولپنڈی میں طیارہ حادثے کی تحقیقات کا حکم دیدیا۔

مزید خبریں :