پاکستان
22 اکتوبر ، 2014

سرکاری ملازمین کے لواحقین کیلئےامدادی پیکیج منظور

 سرکاری ملازمین کے لواحقین کیلئےامدادی پیکیج منظور

اسلام آباد......وزیراعظم نوازشریف نے دوران ملازمت انتقال اور دہشت گردی میں شہید ہونے والے سرکاری ملازمین کے لواحقین کیلئے خصوصی امدادی پیکیج کی منظوری دے دی ہے۔وزیراعظم نوازشریف نےایک اعلیٰ سطح کے اجلاس میں دوران سروس انتقال کرنے والوں کے خاندانوں کی بہتر کفالت کیلئے خصوصی مراعاتی پیکیج کی منظوری دی۔ گریڈ ایک سے 16 تک کے ملازمین کےخاندان کو 25 لاکھ روپے دیے جائیں گے ۔ گریڈ 17 کے افسر کے لواحقین کو 40 لاکھ ،گریڈ 18اور 19 کے افسر کے لواحقین کو 80 لاکھ ،گریڈ 20 اور اس سے اوپر کیلئے 90 لاکھ روپے ۔ دہشت گردی میں شہید ہونے والے سرکاری ملازمین وافسران کیلئے بھی امدادی پیکیج کی منظوری دی گئی ہے۔گریڈ ایک سے 16 کے شہید ملازم کے اہل خانہ کو 30 لاکھ گریڈ 17 کے شہید افسر کے اہل خانہ کو 50 لاکھ روپے ، گریڈ 18 اور 19 کے شہید افسر کے لواحقین کو 90 لاکھ، گریڈ 20 اور اس سے اوپر کے شہید افسر کے خاندان کو ایک کروڑ امداد ملے گی۔سرکاری حکام کے مطابق اہل خانہ کو شہید یا مرحوم ملازم کی مدت ملازمت کے عرصے تک پوری تنخواہ اور مراعات بھی ملیں گی اور اس دوران تنخواہ یا مراعات میں ہونے والا اضافہ بھی ملے گا ۔مرحوم یا شہید ملازم کے اہل خانہ کو اس کی مدت ملازمت کے کم از کم 5 سال بعد تک یا انتقال کے بعد ریٹائرمنٹ کے پورے عرصے تک بھی سرکاری رہائش یا ہاؤس رینٹ کی سہولت حاصل رہے گی ۔ مرحوم یا شہید سرکاری ملازم کے بچوں کو بنیادی تعلیم سے یونیورسٹی سطح کی تعلیم مفت دی جائے گی ، اس حوالے سے ٹیوشن فیس، کتابوں اور ہاسٹل سمیت تمام اخراجات بھی حکومت دے گی۔ مرحوم یا شہید ملازمین کے اہل خانہ کو سرکاری رہائشی اسکیمز میں پلاٹ بھی دیے جائیں گے ۔ گریڈایک سے 8 کے ملازم کے اہل خانہ کو 20 لاکھ روپے ،گریڈ 9 سے 16 تک 50لاکھ ،گریڈ 17 اور اس سے اوپر کے افسر کے اہل خانہ کو 70 لاکھ روپے مالیت کے پلاٹس دیے جائیں گے ۔مرحوم اور شہید ملازم کی بیوہ ، بیٹی یا بیٹے کو قابلیت کے مطابق گریڈ ایک سے 15 میں مستقل ملازمت دی جائےگی۔شہداء کے لواحقین کو بینوولنٹ فنڈ کی مد میں 2 سے 5 لاکھ روپےیکمشت ادائیگی بھی کی جائےگی۔وزیراعظم نے دوران ملازمت انتقال کرنے والے سرکاری ملازمین کے لواحقین کی درخواستوں کی فوری وصولی کا آسان طریقہ کار اور جلد نمٹانے کا نظام بھی جلد وضع کرنے کی ہدایت کی ہے۔

مزید خبریں :