23 اکتوبر ، 2014
اسلام آباد......قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا ہےکہ طاہر القادری کا دھرنا ختم کرنا خوش آئند ہے، یہ کسی کی جیت نہیں، پارلیمنٹ کی جیت ہے، تحریک انصاف سے بھی اپیل کرتے ہیں کہ وہ بھی دھرنا ختم کر دے۔قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کہا کہ کافی سالوں بعد سیاست دانوں نے ذہنی پختگی کا مظاہرہ کیا۔اب حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ غلطیوں سے سیکھ کر مشاورت سے آگے بڑھے، اس خوش فہمی میں نہ رہیں کہ طاہر القادری چلے گئے ہیں، ابھی پارلیمنٹ کا ہی ایک گروپ باہر بیٹھا ہے، ان سے بھی گزارش ہے کہ پارلیمنٹ سب سے مضبوط فورم ہے ، یہی مسائل کو حل کر سکتا ہے، تحریک انصاف کے ایشوز یقینا ًٹھیک ہیں، ہم سے بھی کچھ کوتاہیاں ہوئیں، اگر چار حلقوں کا مطالبہ مان لیا جاتا تو یہ بیماری اس قدر نہ بڑھتی۔نندی پور پاور منصوبے کی لاگت 100 ارب سے بڑھ گئی، اس پر ایوان میں سچ جھوٹ سامنے آنا چاہیے، خورشید شاہ نے مطالبہ کیا کہ حکومت دیوالی پر کل عام تعطیل کا اعلان کرے۔