27 اکتوبر ، 2014
بازل......سابق عالمی نمبر ایک راجر فیڈرر نے بازل انڈورز کا ٹائٹل چھٹی مرتبہ اپنے نام کرلیا۔ امریکا کی سرینا ولیمز نے ڈبلیو ٹی اے فائنلز کی ٹرافی تیسری مرتبہ جیت لی۔بازل میں کھیلے گئے فائنل میں مقامی ہیرو راجر فیڈرر کا مقابلہ تھا بیلجئم کے ڈیوڈ گوفن سے، سوئس کھلاڑی نے صرف چھ دو اور چھ دو سے یہ میچ جیت کر چھٹی بار ٹرافی اپنے نام کرلی، اس کامیابی کے ساتھ ہی انکی عالمی نمبر ایک پوزیشن کی جانب پیش قدمی بھی جاری ہے۔ادھر ویلنسیا میں برطانیہ کے اینڈی مرے نے سخت مقابلے کے بعد اسپین کے ٹومی روبریڈو کو شکست دے کر ٹائٹل جیت لیا۔اینڈی مرے نے نہ صرف 5 میچ پوائنٹس بچائے بلکہ تین چھ، سات چھ اور سات چھ سے فائنل اپنے نام کرلیااور آخر میں بات ڈبلیو ٹی اے فائنلز کی جس کی فاتح امریکا کی سرینا ولیمز رہیں، سنگاپور میں کھیلے گئے ٹائٹل میچ میں سرینا ولیمز نے یکطرفہ مقابلے کے بعد رومانیہ کی سمونا ہیلپ کو چھ تین اور چھ صفر سے شکست دی، یہ انکے کیرئیر کا مجموعی طور پر 64واں ڈبلیو ٹی اے ٹائٹل ہے۔