22 اپریل ، 2012
ٹوکیو … مغربی جاپان میں کیمیکل پلانٹ میں دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور 22 زخمی ہو گئے۔ واقعہ مغربی جاپان کے قصبہ واکی میں ایک کیمیکل پلانٹ میں اس وقت پیش آیا جب پلانٹ کے ملازم دوسرے سیکشن میں خرابی کے باعث فیکٹری کو بند کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ حکام کے مطابق پلانٹ میں 2دھماکے ہوئے, پہلے دھماکے میں ایک ملازم ہلاک اور 11 زخمی ہوگئے جبکہ دوسرے دھماکے کے وقت عمارت خالی کرادی گئی تھی جس کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ دھماکے کے نتیجے میں 430 سے زائد عمارتوں کو نقصان پہنچا جس میں قریبی گھر بھی شامل ہیں اور دھماکے سے قریبی رہائشی علاقے کے 11 افراد بھی زخمی ہوگئے۔ دھماکے کے نتیجے میں لگنے والی آگ پر تقریباً 15 گھنٹے بعد قابو پا لیا گیا۔