05 نومبر ، 2014
کراچی.........وزیر ٹرانسپورٹ سندھ میر ممتاز جاکھرانی نے امید دلائی ہے کہ سندھ میں کرایوں میں کمی کے حوالے سے جلد خوش خبری دیں گے۔جبکہ عوام نے سوال کیا ہے کہ پٹرول ابھی سستا ہوا ہے، کرائے ابھی کم کیوں نہیں کیے جا رہے؟دوسری جانب کراچی سے حیدرآباد بس کے کرائے میں 12سے 20روپے کی کمی کر دی گئی۔کراچی سے حیدرآباد تک بسوں کے کرائے میں تو کمی کر دی گئی ہے لیکن کراچی میں اندرون شہر چلنے والی گاڑیوں کے کرائے میں ابھی تک کمی نہیں کی گئی۔ وزیر ٹرانسپورٹ میر ممتاز جاکھرانی نے کہا ہے کہ عوام کو کرایوں میں کمی کے سلسلے میں کل خوش خبری سنائیں گے۔ وزیر ٹرانسپورٹ سندھ میر ممتاز جاکھرانی نے کہا ہے کہ کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کو کرایوں میں کمی پر مشاورت کے لیے کل تک وقت دیا گیا ہے، کل کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کی جنرل باڈی کا اجلاس طلب کرلیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہر کی 80 فیصد گاڑیاں سی این جی پر ہیں، اوگرا اور وفاق کو لکھیں گے کہ سی این جی کی قیمتوں میں بھی کمی کی جائے۔ ممتاز جاکھرانی نے کہا کہ صوبے بھر میں ٹرانسپورٹ کے نئے منصوبوں پر کام شروع کیے جارہے ہیں، جلد شہید محترمہ بینظیر بھٹو بس سروس کا آغاز کریں گے، شہر بھر سے چنگچی رکشوں کو ہٹانے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔