06 نومبر ، 2014
کابل..........افغانستان میں امریکی اور نیٹو افواج کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل جوزف اینڈرسن نے اعتراف کیا ہے کہ پاک فوج کے آپریشن ضرب عضب کی وجہ سے حقانی نیٹ ورک کی حملہ کرنے کی صلاحیت کو نقصان پہنچا ہے۔ افغانستان سے امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کو ویڈیو بریفنگ میں انہوں نے کہا کہ طالبان کی طرح حقانی نیٹ ورک بھی اب ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔ انہوں نے شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ضرب عضب کے مؤثر ہونے کا اعتراف کیا اور کہا کہ آپریشن کی وجہ سے حقانی نیٹ ورک کے افغانستان میں حملے کرنے کی صلاحیت کو نقصان پہنچا ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل جوزف اینڈرسن نے بتایا کہ اس سال اب تک افغان فوج اور پولیس کے چار ہزار 634اہل کار مختلف کارروائیوں کے دوران ہلاک ہوچکے ہیں ، جبکہ گزشتہ سال ہلاکتوں کی مجموعی تعداد چار ہزار 350تھی۔