07 نومبر ، 2014
اسلام آباد...... نیا چیف الیکشن کمشنر بنانے کیلئے مشاورت تیزہوگئی ہے، وزیراطلاعات پرویز رشید نے ایم کیوایم، اے این پی، مولانا فضل الرحمان،سراج الحق، آفتاب شیرپاؤ اور حاصل بزنجو سے رابطہ کیا ہے جبکہ متحدہ نے بھی چار نام پیش کردیے۔ سپریم کورٹ کی جانب سے مزید مہلت نہ ملنے کے بعد چیف الیکشن کمشنر کے تقرر کے لئے مشاورت کا سلسلہ تیز ہوگیا ہے ۔تحریک انصاف کے نائب چیئرمین شاہ محمود قریشی، قائد حزب اختلاف خورشید شاہ سے اسلام آبادمیں ملے، ان کے نام سنے اور اپنا نام بھی تجویز کیا۔شاہ محمود قریشی نے موجودہ الیکشن کمیشن پر عدم اعتماد اور تشکیل نو سے متعلق اپنا موقف دہرایا تو خورشید شاہ نے بھی کہا کہ وہ سمجھتے ہیں الیکشن کمیشن کے ارکان کو سابق چیف الیکشن کمشنر کے ساتھ ہی مستعفی ہو جانا چاہئے تھا۔انہوں نے اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مشاورت سے متعلق بھی آگاہ کیا۔ جماعت اسلامی نے بھی چیف الیکشن کمشنر کے لئے جسٹس ناصر اسلم زاہد کی حمایت کردی ہے۔ پشاور میں نیوز کانفرنس کے دوران جماعت کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے بھی الیکشن کمیشن کےارکان کے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا ۔ ادھر حکومت کی جانب سے رابطوں کی ذمہ داری ملنے پر وزیراطلاعات نے مولانا فضل الرحمان،سراج الحق،آفتاب شیرپاؤ اور حاصل بزنجو سے رابطہ کیا۔سینیٹر پرویز رشید نےاے این پی کے رہنما حاجی عدیل اور ایم کیو ایم کے رہنمائوں بابر غوری اور حیدر عباس رضوی کو ٹیلی فون کیا اور انہیں بھی چیف الیکشن کمشنر کے بارے میں مجوزہ ناموں پر اعتماد میں لیا۔