01 دسمبر ، 2014
لاہور..........وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کاکہناہے کہ عمران خان کی پورا ملک بند کرنے کی دھمکی پاکستان کے خلاف اعلان جنگ ہے،کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دیں گے،عوام پلان سی کو بھی ’سی آف‘ کردیں گے۔وزیراعلیٰ شہباز شریف سے وفاقی وزیر احسن اقبال نے ملاقات کی۔شہباز شریف کا کہنا تھاکہ عمران خان نے پاکستان بند کرنے کی اس تاریخ کا انتخاب کیا جس روز دشمنوں نے پاکستان کو توڑا تھا، عمران خان لاچارگی اور مایوسی کی تصویر بن چکے ہیں،لندن پلان کی ناکامی کے بعد عوام پلان سی کو بھی’سی آف‘ کر دیں گے۔ امن عامہ سے متعلق اجلاس میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ امنِ عامہ میں بہتری کیلئے ہرممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں، پولیس جان و مال کے تحفظ کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھے۔بلوچستان اسمبلی کے اسپیکر جان محمدخان سےگفتگومیں وزیراعلیٰ کاکہناتھاکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی مثال نہیں ملتی۔انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ کسی بھی پٹرول پمپ پر پٹرول یا ڈیزل کی عدم دستیابی کی شکایت نہیں ہونی چاہیے۔انہوں نے اوورچارجنگ کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز سخت کارروائی کا حکم دیا ۔