03 دسمبر ، 2014
کراچی........ وفاقی وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ جو لوگ 15 دن کا پلان نہیں بناسکتے وہ ملک کیسے چلائیں گے، قوم بہتر کارکردگی دکھانے والوں کے حق میں فیصلہ کریگی۔کراچی میں سندھ مدرسۃ السلام میں جناح میوزیم کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں وفاقی وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی نے کہاکہ جو لوگ 15 دن کا پلان نہیں بناسکتے اور 24 گھنٹے میں اس میں تبدیلی کردیتے ہیں، وہ ملک کیسے چلائیں گے، قوم بہتر کارکردگی دکھانے والوں کے حق میں فیصلہ کریگی۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی استحکام کے باعث انڈونیشیاء کوریا آج ہم سے اگے نکل گئے ہیں، کیا چائنا میں دھرنوں کی اجازت ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں جاری دھرنوں کواٹھارہ اٹھارہ گھنٹے دکھایا جائے گا توسرمایہ کار کیسے آئے گے، ہماری کوشش ہے 2025 تک پاکستان دنیا کی پہلی 25 معیشتوں میں شامل ہوجائے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کے شہر اور گاؤں میں بسنے والے بچے کا یکساں تعلیم پر حق ہے، تمام تعلیمی بورڈ کا معیار یکساں کرنے کی کوشش کررہے ہیں، تعلیمی نظام میں بہتری کے لئے حکومت بھرپور کوششیں کررہی ہے، ہنگامی اقدامات نہ کئے گئے تو تعلیم کے شعبے میں دنیا سے پیچھے رہ جائیں گے۔ اس موقع پر احسن اقبال نے سندھ مدرسۃ اسلام کے مختلف شعبوں کا دورہ بھی کیا۔