24 اپریل ، 2012
اسلام آباد…وزیراعظم کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس کل ہو گا جس میں حج پالیسی 2012 ء اور اس کے پلان کی منظوری کا امکان ہے،اجلاس میں وزیراعظم کے خلاف سپریم کورٹ میں توہین عدالت کیس سمیت ملک کی سیاسی اور امن وامان کی صورت حال پر بھی غور کیا جائے گا۔سرکاری ذرائع نے جیونیوز کو بتایا ہے کہ اسلام آباد میں وزیراعظم کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں سب سے اہم معاملہ وزیراعظم کے خلاف توہین عدالت کیس میں 26 اپریل کو سپریم کورٹ کا متوقع فیصلہ اور اس سے متعلقہ امور ہوں گے ۔ اجلاس کے 9 نکاتی ایجنڈے میں اس سال کی حج پالیسی اور اس کا پلان بھی شامل ہے جسے وزارت مذہبی امور پیش کرے گی اور اس کی منظوری کا بھی امکان ہے۔ایجنڈے کے مطابق کابینہ میں پاکستان اسٹیل ملز کے مالی بحران اور بحالی کے منصوبے کی رپورٹ بھی پیش کی جائے گی، توقع ہے کہ اسٹیل ملز کے ری اسٹرکچرنگ پلان پر عمل درآمد کے لیے رقوم کے اجراء کا معاملہ بھی زیر غور آئے گا۔ اجلاس میں پاکستان ،افغانستان اور ترکی کے درمیان باہمی معاہدوں کے لیے بات چیت کی منظوری دیے جانے کا بھی امکان ہے۔ اس کے علاوہ منشیات کی روک تھام کے پاک بھارت ،پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان اقتصادی ترقی کے لیے مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کی منظوری بھی متوقع ہے۔