17 دسمبر ، 2014
پشاور......سانحہ پشاورمیں شہید طلبہ اور اساتذہ کی انفرادی طور پر نمازجنازہ اداکرنے کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔کور ہیڈکوارٹرمیں مرحومین کی غائبانہ نمازجنازہ بھی اداکی گئی۔پشاورکی ڈیفنس کالونی میںآرمی پبلک اسکول کے دو مرحوم طالب علموں14سالہ حسین اور 17سالہ عبداللہ کی نمازجنازہ اداکی گئی۔ جوگزشتہ روز دہشت گردی کےواقعےمیں شہید ہوگئےتھے۔نمازجنازہ میں والدین،رشتہ داروں اور دوستوںکی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ جس کے بعد دونوں میتوں کو آخوند باباقبرستان میں سپردخاک کیا گیا۔گلبرگ میں دسویں جماعت کے طالب علم زین اقبال اور بارہویں کے مبین آفریدی کی نمازجنازہ ادا کی گئی۔ جبکہ گلبہار میں حسنین شاہ کی نمازجنازہ ادا کی گئی۔ ادھرکور ہیڈکوارٹر میں سانحہ پشاور کے شہداء کی غائبانہ نماز جنازہ کا اہتمام کیا گیا جس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف،ڈی جی آئی ایس آئی جنرل رضوان اختر،گورنر خیبرپختونخواسردار مہتاب احمد خان اور وزیراعلیٰ پرویز خٹک اوردیگر سول و ملٹری حکام نےشرکت کی۔اس سانحےکےخلاف پشاور میں شٹرڈائون ہڑتال بھی جاری ہےاورشہر میں سوگ کی فضاءہے۔