28 دسمبر ، 2014
کابل.........نیٹو افواج نے افغانستان میں اپنے 13 سالہ آپریشن کا باضابطہ اختتام کردیا، کابل ملٹری ہیڈکوارٹر میں اختتامی تقریب منعقد کی گئی۔ کابل ملٹری ہیڈکوارٹر میں منعقدہ ایک تقریب میں افغانستان میں امریکہ کی قیادت میں نیٹو افواج کا 2001 سے جاری ایساف مشن ختم کرکے ملک کی سیکیورٹی افغان فورسز کے حوالے کر دی گئی تاہم ایساف مشن کے بعد نیٹو کا نیا یقینی تعاون مشن یکم جنوری سے افغان فوج کی سپورٹ کے طور پر کام کرے گا جس میں امریکی فوج کے ساتھ غیرملکی افواج کے 13 ہزار5سو اہلکار شامل ہوں گے۔ تقریب میں ایساف کمانڈرجنرل جان کیمپ بیل نے ایساف کا پرچم لپیٹ کر یقینی تعاون مشن کا پرچم لہرایا، اس موقع پر جنرل کیمپ بیل کا کہنا تھا کہ نیا یقینی تعاون مشن نیٹو اور افغان فوج کے درمیان پائیدار شراکت داری کی بنیاد بنے گا۔