03 مارچ ، 2018
پاکستان سپر لیگ کے 13ویں میچ میں لیگ اسپنر عمران طاہر کی ہیٹ ٹرک کی بدولت ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو باآسانی 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔
شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ کے 103 رنز کے ہدف کو ملتان نے 17ویں اوور میں پورا کرلیا جبکہ اس کو احمد شہزاد کی صورت میں ایک نقصان اٹھانا پڑا جو حسان خان کی گیند پر جون ہیسٹنگز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے تھے۔
ملتان کی جانب سے کمار سنگارا نے 51 جبکہ صہیب مقصود 26 رنز کی اننگز کھیلی۔ کوئٹہ کی جانب سے واحد وکٹ حسان خان نے حاصل کی۔
تین وکٹیں حاصل کرنے پر سہیل تنویر کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
اس سے قبل لیگ اسپنر عمران طاہر کی شاندار ہیٹ ٹرک کی بدولت ملتان سلطانز کے خلاف کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پوری ٹیم 102 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے شین واٹسن اور عمر امین نے اننگز کا آغاز کیا تاہم عمر امین چوتھے اوور میں سہیل تنویر کی گیند پر زوردار ہٹ لگانے کی کوشش میں 10 گیندوں پر 8 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
اگلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی رمیز راجہ جونیئر تھے جو ایک رن بنا کر جنید خان کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی شین واٹسن تھے جو ساتویں اوور میں جنید خان کی گیند پر 19 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔
چوتھے آؤٹ ہونے والے بلے باز ریلی روسو تھے جو شعیب ملک کی گیند پر کمار سنگاکارا کے ہاتھوں اسٹمپ ہوگئے۔
محمود اللہ بھی خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور 15 رنز بناکر محمد عرفان کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔
101 کے مجموعی اسکور پر کوئٹہ کی چھٹی وکٹ محمد نواز کی صورت میں گری جس کے بعد کوئٹہ کے آگے آنے والے تمام بیٹسمین ایک کے بعد ایک پویلین لوٹتے گئے۔
کوئٹہ کی آخری پانچ وکٹیں اسکور میں صرف ایک ہی رنز کا اضافہ کرسکیں۔
عمران طاہر نے آخری تین بلے بازوں کو تین گیندوں پر آؤٹ کرکے اپنی ٹیٹ ٹرک مکمل کی۔ انہوں نے حسان خان، جون ہیسٹنگز اور راحت علی کو آؤٹ کرکے اپنے مخصوص انداز میں جشن بھی منایا۔
میچ کے اختتامی مراحل میں جب میچ ملتان سلطانز جب تقریباً جیت چکے تھے تو گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد بولنگ کرنے آگئے جن کی گیند پر چھکا لگاکر صہیب مقصود نے ملتان کو فتح سے ہمکنار کروایا۔
سہیل تنویر کو تین وکٹیں حاصل کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ فتح کے بعد ملتان سلطانز کے پانچ میچوں میں 7 پوائنٹس ہوگئے جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 4 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر چوتھے نمبر پر موجود ہے۔
اگلا میچ پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔
ٹیم | میچ | پوائنٹ |
---|---|---|
لاہور قلندرز | 10 | 14 |
ملتان سلطان | 10 | 12 |
اسلام آباد یونائیٹڈ | 10 | 12 |
پشاور زلمی | 10 | 10 |
کراچی کنگز | 10 | 6 |
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز | 10 | 6 |