Advertisement

کھیل
time icon 12 فروری ، 2023

محمد رضوان نے لاہور قلندرز کیخلاف ملتان سلطانز کی حکمت عملی بتا دی

امید ہے ملتان میں اچھا کراؤڈ آئے گا اور ہمیں سپورٹ ملے گی جس کا فائدہ ہو گا: کپتان ملتان سلطانز۔ فوٹو جیو نیوز
امید ہے ملتان میں اچھا کراؤڈ آئے گا اور ہمیں سپورٹ ملے گی جس کا فائدہ ہو گا: کپتان ملتان سلطانز۔ فوٹو جیو نیوز 

وکٹ کیپر بیٹر اور ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے لاہور قلندرز کے خلاف افتتاحی میچ میں اپنی ٹیم کی حکمت عملی سے متعلق گفتگو کی ہے۔

ملتان میں پی ایس ایل کے آغاز سے قبل ہونے والی پریس کانفرنس میں محمد رضوان نے کہا کہ یہ درست ہے کہ میں نے خود سرفراز احمد کو کھلانے کی بات کی تھی، میں ثقلین بھائی کے پاس خود گیا تھا، مجھے ریسٹ کرانے کی بات کی جا رہی تھی، میں نے کہا کہ میرے لیے ریسٹ کے الفاظ نہ کہیں یہ بات پہلے ہیڈ کوچ سے کہی پھر گراؤنڈ میں کپتان قریب تھے میں نے کپتان کو بھی کہا میری پرفارمنس ایسی نہیں ہے کہ میں ٹیم کے لیے کھیلنے کا حقدار ہوں۔

انہوں نے مزید کہا پھر مجھے کچھ کھلاڑیوں نے کہا کہ بس 50 نہیں ہیں رنز تو ہیں نا اوپر سے وکٹ کیپر بھی ہیں، میں نے کہا کہ مجھے اندر سے لگتا ہے کہ میری پرفارمنس ایسی نہیں ہے اس لیے میں نے ان دونوں کو خود کہا کہ میں اس قابل نہیں ہوں سیفی بھائی پرفارمنس اچھی کرتے رہے تھے اور پھر جب وہ کھیلے تو انہوں نے پرفارمنس دی اور میچز بچائے۔

خیال رہے کہ ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کی ٹیمیں کل پی ایس ایل کے افتتاحی میچ میں ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں مدمقابل ہوں گی۔

محمد رضوان نے کہا کہ ہمیں لاہور کے خلاف پہلے میچ میں دلیری کے ساتھ کھیلنا ہو گا، شاہین آفریدی اور حارث رؤف ورلڈ کلاس بولرز ہیں، امید ہے ملتان میں اچھا کراؤڈ آئے گا اور ہمیں سپورٹ ملے گی جس کا فائدہ ہو گا۔

Advertisement

@geonews_sport