Advertisement

کھیل
time icon 07 مارچ ، 2023

یکساں معاوضے سے زیادہ اہم بات مینز اور ویمنز ٹیم کو یکساں برانڈ بنانا ہے: ندا ڈار

پاکستان ویمن ٹیم کی سینیئر آل راؤنڈر ندا ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان ویمن ٹیم کو سپورٹ کی ضرورت ہے، یکساں معاوضے سے زیادہ اہم یہ ہے کہ مینز اور ویمنز کو یکساں برانڈ بنایا جائے، میری خواہش ہے کہ ویمن کرکٹ کو بڑا برانڈ بنایا جائے۔

جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ویمن کرکٹ نے کافی طویل سفر طے کیا ہے، جب ہم نے شروعات کی تھی تو کافی مشکلات سہی تھیں،  جو ہمیں شکست کا طعنہ دیتے ہیں، وہ یہ بھی دیکھیں کہ ہماری اسٹرگل کیا ہے، جب میں نے شروع کیا تو بھائیوں نے یہ ہی کہا تھا کہ اس میں فیوچر نہیں، اب وقت آگیا ہے کہ ویمن کرکٹ کے بارے میں رائے تبدیل کی جائے۔

ندا ڈار کا کہنا تھا کہ کافی عرصہ سے ہم سب کی خواہش تھی کہ پاکستان میں ویمن لیگ ہو،  اس لیگ کو ایک بڑا برانڈ بنانا ہے، اس سے پیغام جائے گا کہ خواتین کرکٹ میں بھی کیرئیر اپنا سکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فرنچائز کرکٹ سے پوری دنیا میں نیشنل ٹیموں کو فائدہ ہوتا ہے، ویمن فرنچائز لیگ کی وجہ سے نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا، پاکستان لیگ میں دنیا کے دیگر ملکوں کی پلیئرز کیلئے بھی مواقع پیدا ہوں گے، نئی آنے والی پلیئرز کو کافی فائدہ ہوگا، جب میں بگ بیش کھیلنے گئی تھی تو مجھے بہت کچھ سیکھنے کو ملا تھا۔

انہوں نے کہا کہ لیگ کھیلنے سے پاکستانی پلیئرز کے کھیل میں نکھار آئے گا، ہمارے پاس ٹیلنٹ کی کمی نہیں بس ہمیں مواقع کی تلاش ہے، ہر کوئی ان تین میچز کیلئے کافی پرجوش ہے، ان تین میچز سے ہمیں بہت کچھ سیکھنے کو ملے گا، جن کو آپ ہمیشہ دیکھتے ہیں ان کے ساتھ کھیلنا کافی بہترین موقع ہوگا، نوجوان پلیئرز کے پاس موقع ہے کہ وہ جلد از جلد نئی چیزیں سیکھیں۔

ندا ڈار نے مزید کہا کہ ہماری اب بھی کوشش ہے کہ دنیا کے برابر آجائیں، ویمن کرکٹ کی ترقی کیلئے اس طرح کی لیگ بہت ضروری ہے، یہ پلیٹ فارم ہم سب کیلئے موقع ہے کہ دنیا کو بتائیں کہ ہم کون ہیں، ہم کیا ہیں۔

ندا ڈار کا کہنا تھا کہ خواہش ہے کہ تینوں میچز میں زبردست کرکٹ ہو، ان تین نمائشی میچز میں کوئی بھی جیتے اصل جیت کرکٹ کی ہوگی۔

Advertisement

@geonews_sport