15 نومبر ، 2021
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ آسٹریلیا کی جیت کے ساتھ اپنے اختتام کو پہنچا ، متحدہ عرب امارات اور اومان میں 17 اکتوبر سے شروع ہونیوالے اس ٹورنامنٹ میں پاکستان کے بابر اعظم لیڈنگ رنز اسکورر جبکہ سری لنکا کے ہسارنگا لیڈنگ وکٹ ٹیکر رہے۔
17 اکتوبر سے عمان اور متحدہ عرب امارات میں شروع ہونیوالے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے اس عالمی میلے میں بیٹرز میں پاکستان کے بابر اعظم 303 رنز بناکر سب سے زیادہ رنز بنانے والے پلیئر رہے۔
آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر نے289 جبکہ پاکستان کے محمد رضوان نے 281 رنز اسکور کیے۔
بولرز کی فہرست میں سری لنکا کے ونیندو ہسارنگا 16 وکٹوں کے ساتھ سرفہرست رہے جبکہ آسٹریلیا کے ایڈیم زمپا اور نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ 13،13 وکٹیں حاصل کرسکے۔
ایونٹ میں سب سے بڑی انفرادی اننگز 101 رنز کی جوز بٹلر نے کھیلی جبکہ جنوبی افریقا کے روسی وین ڈر ڈوسن نے 94 اور مارٹن گپٹل نے 93 رنز کی اننگز کھیلی۔
ڈیوڈ وارنر نے سب سے زیادہ 32 جبکہ بابر اعظم نے 28 چوکے لگائے ۔
جوز بٹلر نے سب سے زیادہ 13 چھکے مارے جبکہ پاکستان کے محمد رضوان نے 12 چھکے لگائے۔
پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے سب سے زیادہ4 ففٹیاں بھی اسکور کیں۔
انفرادی بولنگ پرفارمنس میں ایڈیم زمپا کی بنگلا دیش کیخلاف 19 رنز کے عوض5 وکٹیں بہترین انفرادی بولنگ پرفارمنس ہے۔
افغانستان کے مجیب الرحٰمن نے اسکاٹ لینڈ کیخلاف 20 رنز دے کر 5 وکٹیں لیں اور دوسری بہترین انفرادی بولنگ کرائی۔
اس کے علاوہ نیوزی لینڈ کے ٹم ساؤتھی اور ٹرینٹ بولٹ نے سب سے زیادہ ڈاٹ بالز کرائیں ،دونوں نے ٹورنامنٹ میں 85،85 ڈاٹ بالز کرائیں۔
حسن علی وہ واحد بولر ہیں جنہوں نے ٹورنامنٹ میں 2 میڈین اوورز کرائے اس کے علاوہ کوئی بھی بولر ایک سے زیادہ مرتبہ میڈین اوور نہیں کراسکا۔