دنیا
Time 08 جنوری ، 2018

پاکستان نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دی ہیں، چین

فوٹو: فائل اے ایف پی

چین نے ایک بار پھر دہشت گری کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کو کسی بھی ایک ملک سے منسوب نہیں کیا جا سکتا۔

چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان لو کینگ نے ایک پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ دہشت گردی عالمی برادری کا مشترکہ دشمن ہے اور اس کے خاتمے کے لیے اقوام عالم کو مشترکہ کوششیں کرنی چاہئیں۔

وائٹ ہاؤس کے حکام کی جانب سے دہشت گردی کی محفوظ پناہ گاہیں ختم کرنے میں چین کے کردار سے متعلق سوال پر چینی دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ واشنگٹن اسلام آباد پر دباؤ بڑھانے اور ڈونلڈ ٹرمپ کے احکامات پر عمل کروانے کے لیے بیجنگ کے ساتھ کام کرنا چاہتا ہے۔

لو کینگ نے کہا کہ ہم بارہا کہہ چکے ہیں کہ پاکستان نے بین الاقوامی سطح پر دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بڑے پیمانے پر قربانیاں دی ہیں اور تمام ممالک کو انسداد دہشت گردی اقدامات کے حوالے سے ایک دوسرے پر انگلیاں اٹھانے کے بجائے مشترکہ تعاون کرنا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ طرز عمل بین الاقوامی سطح پر دہشت گردی کے خاتمے کے لیے موزوں نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چین ان ممالک کا دفاع کر رہا ہے جو دہشت گردی کے خلاف شفاف کارروائیاں کر رہے ہیں۔

چین کے وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ بیجنگ بین الاقوامی سطح پر دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مشترکہ طور پر اٹھائی جانے والی باہمی عزت و احترام اور اعتماد کی کوششوں کو سراہتا ہے۔

خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پاکستان پر دہشت گردوں کو پناہ دہنے کے الزام کے بعد چین نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ عالمی برادری کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو سراہنا چاہیے۔

مزید خبریں :