LIVE

ایمازون کے جنگلات میں 31 روز تک پھنسے شخص نے زندہ رہنے کیلئے کیا جتن کیے؟

ویب ڈیسک
March 02, 2023
 

میں بہت مایوس ہونے لگا، میں نے امید چھوڑ دی تھی کہ اتنے دنوں بعد بھی میری تلاش کیلئے کوئی کوشش کر رہا ہوگا: جوناتھن — فوٹو: رائٹرز

ایمازون کے جنگلات میں 31 روز تک لاپتہ رہنے والے بولیوین شہری کو 31 روز بعد بلآخر تلاش کر لیا گیا۔

30 سالہ جوناتھن دوستوں کے ہمراہ شمالی بولیویا کے ایمازوں جنگلات میں شکار کیلئے گئے تھے جب وہ دوستوں سے جدا ہوکر جنگل میں لاپتہ ہو گئے جس کے بعد ان کے دوستوں نے مقامی لوگوں اور پولیس کی مدد سے اپنے لاپتہ دوست کی تلاش کا کام شروع کیا اور بلآخر 31 روز کی مسلسل کوششوں کے بعد انہیں تلاش کر لیا گیا۔

مقامی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے جوناتھن نے بتایا کہ میں بیان بھی نہیں کر سکتا کہ ان 31 دنوں کے دوران زندہ رہنے کیلئے  کتنے جتن کرنے پڑے ہیں،  زندہ رہنے کیلئے  اپنے جوتوں میں بارش کا پانی جمع کر کے پیتا تھا اور جنگل کے کیڑے کھانے پر مجبور ہو گیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ لاپتہ ہونے کے بعد میرے پاس شاٹ گن کا صرف ایک راؤنڈ بچا ہوا تھا، چوتھے روز میرا ٹخنہ اپنی جگہ سے ہل گیا تھا اور میں چلنے سے بھی ایک طرح سے لاچار ہو گیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ اس وقت مجھے زندگی کا خطرہ لاحق ہونے لگا اور میں بہت مایوس ہونے لگا،  میں نے امید چھوڑ دی تھی کہ اتنے دنوں بعد بھی میری تلاش کیلئے کوئی کوشش کر رہا ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ جنگل میں گزرے 31 دنوں کے دوران کئی بار چیتے سمیت دیگر خطرناک جنگلی جانوروں سے سامنا ہوا اور جنگلی سوؤروں کی ایک ٹولی سے بچنے کیلئے اپنے پاس بچنے والا آخری راؤنڈ بھی فائر کر دیا تھا۔

31 روز جنگل میں لاپتہ رہنے کے بعد  تلاش کرنے والے مقامی لوگوں کی  ایک ٹیم نے  گھنے جنگل میں 300 میٹر اندر انہیں تلاش کرلیا، وہ چیختے ہوئے  تلاش کرنے والی ٹیم کی توجہ اپنی جانب مبذول کروانے کے ساتھ لنگڑاتے ہوئے ان کی جانب بڑھ رہے تھے۔