LIVE

پنیر کھانے سے لمبی عمر کے حصول میں مدد ملتی ہے، تحقیق

ویب ڈیسک
June 21, 2024
 

یہ بات ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو

اگر آپ کو پنیر کھانا پسند ہے تو یہ عادت اچھی صحت اور لمبی عمر کے حصول میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔

یہ بات چین میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

شنگھائی جیاؤ ٹونگ یونیورسٹی اسکول آف میڈیسن کی تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ پنیر کھانے سے اچھی صحت کا حصول ممکن ہوتا ہے۔

اس تحقیق میں 23 لاکھ افراد کو شامل کیا گیا اور دریافت ہوا کہ خوش باش افراد لمبی زندگی گزارتے ہیں۔

تحقیق کے مطابق اچھی دماغی صحت اور لمبی زندگی کے درمیان تعلق موجود ہے جبکہ ڈپریشن کی علامات یا دیگر ذہنی مسائل سے زندگی کی مدت گھٹ جاتی ہے۔

تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ اچھی ذہنی صحت اور تناؤ سے محفوظ رہنے والے افراد اکثر پنیر زیادہ کھاتے ہیں۔

تحقیق کے دوران دماغی صحت کو جسمانی صحت سے جوڑنے والے 33 عناصر کا جائزہ لیا گیا اور دریافت ہوا کہ پنیر کھانے سے براہ راست عمر میں اضافہ نہیں ہوتا، مگر پنیر اور پھلوں کے زیادہ استعمال سے دماغی صحت پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

اس کے مقابلے میں ٹی وی دیکھنے، تمباکو نوشی، ادویات کے استعمال، فالج اور امراض قلب سے دماغی صحت پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

محققین نے بتایا کہ نتائج سے دماغی صحت پر توجہ مرکوز کرنے کی اہمیت ظاہر ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جسمانی طور پر سرگرم رہنے، ٹی وی دیکھنے کا دورانیہ کم کرنے اور تمباکو نوشی سے گریز سے دماغی افعال بہتر ہوتے ہیں جبکہ عام امراض کی روک تھام ہوتی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اچھی دماغی صحت سے عمر میں اضافے کے باوجود جسم بھی صحت مند رہتا ہے اور پنیر یا دودھ سے بنی دیگر مصنوعات اس حوالے سے اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

محققین کے مطابق اچھی غذا اور صحت کے درمیان تعلق موجود ہے۔

اس تحقیق کے نتائج جرنل ہیومین بی ہیوئیر میں شائع ہوئے۔