LIVE

پارٹی میں سینئر رہنماؤں کو نظر انداز کیا جا رہا ہے: شوکت یوسفزئی

ویب ڈیسک
July 01, 2024
 

بانی پی ٹی آئی این آر او لینے اور باہر جانے کے لیے تیار نہیں ہیں: پی ٹی آئی رہنما کی پروگرام میں گفتگو/ فائل فوٹو

پی ٹی آئی کے رہنما شوکت یوسفزئی نے کہا ہےکہ پارٹی میں سینئر رہنماؤں کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔

جیونیو زکے پروگرام جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے شوکت یوسفزئی نے کہا کہ تمام لیڈربھی پارٹی سے چلے جائیں تو بھی پارٹی نہیں ٹوٹےگی، پارٹی میں سینئر رہنماؤں کو نظر انداز کیا جا رہا ہے، سینئرلوگوں کو بھی بانی پی ٹی آئی سے ملنے دیا جائے، عمر ایوب نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر کا کردار ادا کروں گا، عمر ایوب نے اس لیے جنرل سیکرٹری کا عہدہ چھوڑا۔

انہوں نے مزید کہا کہ جب پارٹی بڑی ہوتی ہے تو اختلافات بھی بڑے ہوتے ہیں، جمہوری پارٹی ہےجمہوریت میں ہرکسی کو بات کرنےکا حق ہے، پارٹی کے تقسیم ہونے کا تاثر غلط دیا جارہا ہے۔

شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی این آر او لینے اور باہر جانے کے لیے تیار نہیں ہیں، ہماری پارٹی مستحکم ہے، لیڈر شپ میں کمی بیشی ہوسکتی ہے، بہت سارے لوگ پارٹی میں نئے آئے ہیں، وکیل ہیں اچھے لوگ ہیں، ورکرز  تشویش میں ہیں کہتےہیں ہم پریشر میں ہیں، ورکرزکہتے ہیں بانی پی ٹی آئی جیل میں کیوں ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ فواد چوہدری اور عمران اسماعیل میں بہت سمجھ بوجھ تھی، مشکل وقت میں جن کو سمجھ نہیں تھیں انہوں نے تکلیف برداشت کی، دوبارہ حالات نارمل ہوگئے ہیں یہ قابل ترین لوگ پھر سامنے آرہے ہیں، اب جو لوگ کھڑے ہیں انہوں نے ہمت سے کام لیا۔

شوکت یوسفزئی کا کہنا تھاکہ پرانے اور نئے سیاست دانوں میں فرق ہے، نئےآنے والوں کی کمٹمنٹ بڑی مضبوط ہے، روز عدالتوں میں پیش ہوتے ہیں، اگرکیس چل پڑیں تو ان کے پاس کچھ نہیں، پراسیکیوشن کمزور ہے۔